انسانی اعضا ء کی غیر قانونی پیوندکاری کے خاتمے کے لئے تمام متعلقہ ادارے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ساہیوال

86

ساہیوال۔ 16 جنوری (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام سرور نے کہا ہے کہ انسانی اعضا ء کی غیر قانونی پیوندکاری ایک سنگین جرم ہے، جس کے خاتمے کے لئے تمام متعلقہ ادارے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام متعلقہ ادارے مربوط اور منظم حکمت عملی کے تحت کام کریں تاکہ اس مکروہ دھندے کا جڑ سے خاتمہ کیا جا سکے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار منٹگمری ہال میں منعقدہ ڈسٹرکٹ ویجی لینس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمدطاہر اور ایم ایس گورنمنٹ حاجی عبدالقیوم ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر محمد سلیم گوندل کے علاوہ پولیس و دیگر لا انفورسمنٹ ایجنسیز کے نمائندگان بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹرمحمد طاہر نے اجلاس کو ضلع میں موجودہ صورتحال اور ماضی میں سامنے آنے والے واقعات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں گذشتہ تین سال میں ایسی کوئی سرگرمی رپورٹ نہیں ہوئی تاہم تمام متعلقہ ادارے چوکنا ہیں اور ایسی کسی بھی سرگرمی کی صورت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

اجلاس میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے اپنے اداروں کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں اور پیشرفت کے بارے میں تفصیلات پیش کیں ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام سرور نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ غیر قانونی پیوندکاری کے نیٹ ورکس کے خاتمے کے لئے عوام کا تعاون کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے میڈیا، سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع کا مؤثر استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ ضلع بھر میں پریکٹس کرنے والے ڈاکٹرز اور پرائیویٹ کلینکس و ہسپتالوں کا باقاعدہ ڈیٹا بھی مرتب کیاجائے ۔