انسانی ترقی کے منصوبوں کے لئے وسیم اکرم کی دبئی کے میر گروپ سے شراکت داری

182

دبئی۔19فروری (اے پی پی):پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز فاسٹ بائولر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ مل کر کام کرتے ہوئے ہم کمیونٹیز کو بااختیار بنا سکتے ہیں، پائیدار ترقی کو فروغ دے سکتے ہیں اور لاکھوں افراد کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں۔ متحدہ عرب امارت کی انویسٹمنٹ کمپنی میر گروپ سے شراکت داری کا اعلان کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ ’’گلوبل امپیکٹ وژن 2030 “ جس کے تحت انہوں نے میر گروپ سے شراکت داری کی ہے، کاروباری حکمت عملی،توانائی، تعلیم، صحت اور مختلف شعبوں میں بامقصد تبدیلی لانے کے لئے تشکیل دیا گیاہے۔

میر گروپ کی طرف سے سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق گلوبل امپیکٹ وژن 2030 پائیدار کاروباری حکمت عملی، صاف توانائی، تعلیم، صحت اور عالمی تعاون کے مختلف شعبوں میں دیرپا اور بامقصد تبدیلی لانے کے لئے تشکیل دیا گیا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے جدت کو فروغ ، سماجی بہبود ، گرین ٹیکنالوجیز اور سرمایہ کاری کے مواقع کے لئے کام کیا جائےگا۔اس موقع پر شکیل احمد میر نے کہا کہ ہم وسیم اکرم کو میر گروپ فیملی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ان کی شاندار کامیابیاں، میدان کے اندر اور باہر، اور ان کا انسانی ہمدردی کے لئے غیر متزلزل عزم ہمارے اقدار اور وژن سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے۔

ہم مل کر آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہتر مستقبل تشکیل دیں گے۔ میر گروپ اور وسیم اکرم کی شراکت داری میں جن کلیدی منصوبوں پر مرکوز کی جائے گی ان میں الیکٹرک بائیکس کی تیاری اور تجارتی پہلو، گرین انرجی کی پیداوار، غیر ہنر مند مزدوروں کے لئے تربیتی پروگرام، سمارٹ اور پائیدار شہروں کی ترقی، خواتین کو بااختیار بنانے کے پروگرام، میڈیکل سینٹرز کا وسیع نیٹ ورک، اور ایسی کمپنیوں کے لئے سرمایہ کاری اور تیز تر ترقی کے مواقع شامل ہیں جو پائیدار اور سبز مستقبل کی تخلیق میں مصروف ہیں۔انہوں نے اس امید کا اظہا ر کیا کہ یہ شراکت داری مثبت تبدیلی کی تحریک دے گی اور ایک زیادہ پائیدار اور مساوی دنیا کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گی۔