انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شمالی کوریا کے خلاف مذمت کی قرارداد منظور

90
United Nations

سیئول۔20نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے انسانی حقوق کی پامالیوں پر شمالی کوریا کے خلاف مذمت کی قرار داد منظور کر لی ہے۔ قرارداد میں شمالی کوریا میں انسانی حقوق کی پامالیوں پربین الاقوامی برادری کی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بات پر زور دیا گیا ہے کہشمالی کوریا غیر ملکی شہریوں کے اغوا کے معاملے کو حل کرے۔جاپان، یورپی یونین، امریکہ اور دیگر کی جانب سے پیش کردہ اس قرارداد کو جنرل اسمبلی میں ہونے والی رائے شماری میں زبردست حمایت حاصل ہوئی ہے ۔ قرارداد میں شمالی کوریا میں اور اس کے ذریعے انسانی حقوق کی دیرینہ مدت سے چلی آ رہی منظم اور وسیع پیمانے پر سنگین خلاف ورزیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے سفیر کِم سونگ نے اس قرار داد پر تنقید کرتے ہوئے اسے ایک سیاسی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔واضح رہے کہ اس نوعیت کی قرارداد کو مسلسل 16 سال سے منظور کیا جا رہا ہے۔