ماسکو۔25اگست (اے پی پی):انسانی حقوق کےعلمبردار ہونے کے دعویدار مغربی ممالک غزہ میں انسانیت کے خلاف جرائم کے ارتکاب پر اسرائیل کی مذمت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ تاس کے مطابق یہ بات روس میں ایران کے سفیر کاظم جلالی نے ایک بیان میں کہی۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں نہتے اور معصوم لوگوں کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے۔ایرانی سفیر نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ اسرائیل اپنے طور پر جنگ نہیں کر سکتا، دوسری طاقتیں اس کی مدد کر رہی ہیں اور یہ ایک پراکسی جنگ ہے ۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ اسرائیل خطے میں مغرب کی جانب سے لڑ رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ انسانیت کے خلاف اس کے جرائم کو نظر انداز کرتے ہیں اور اس کی مذمت نہیں کرتے۔
وہ ہمیشہ انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں لیکن غزہ کی پٹی میں جو کچھ ہو رہا ہے اس سے زیادہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی کوئی واضح مثال موجود نہیں ہے ۔ایرانی سفیر نے کہا کہ غزہ کے نہتے مکین اپنا دفاع نہیں کر سکتے لیکن ایران غزہ نہیں ہے اور یہ کہ ایران کے خلاف نئے آپریشن کے لیے اسرائیل کی ممکنہ تیاریوں کی اطلاعات ذرائع ابلاغ کی اطلاعات پر مبنی مفروضے ہیں۔
ایرانی سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ ان کا ملک جنگ کے خلاف ہے لیکن حملے کی صورت میں جواب دینے کے لیے بھی تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12 روزہ جنگ کے دوران بھی ایسا ہی ہوا تھا، اگر اسرائیل کو اس جنگ میں خاطر خواہ نقصان نہ پہنچا ہوتا تو وہ جنگ بندی کی تجویز پیش نہ کرتا ۔