اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ کے مکروہ کاروبار کے خاتمے میں میڈیا کا کردار مرکزی اہمیت کا حامل ہے، درست معلومات اور قانون سے آگاہی کے تحت کی جانے والی رپورٹنگ حکومت کے لئے رہنمائی کا درجہ رکھتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی تنظیم سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن(ایس ایس ڈی او ) کے زیراہتمام صحافیوں کے لئے منعقدہ آگاہی سیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ انسانی سوداگری اور جبری مشقت کی رپورٹنگ کے حوالے سے ایس ایس ڈی او کا آگاہی سیشن ایک بہترین کاوش ہے، انسانی سوداگری اور مہاجرین کی غیرقانونی سمگلنگ کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کا ملکی پالیسی اور معاشرتی بہتری میں بنیادی کردار ہے،اس لئے درست معلومات اور رائج قوانین کے تحت دی گئی خبر اور میڈیا رپورٹ ہی اس مافیا کو شکست دینے کی حکومتی کوششوں میں مددگار ہو سکتی ہے۔حساس نوعیت کے اس موضوع میں متاثرہ افراد کا ذکر ان کی شناخت اور عزت کو مد نظر رکھ کر کرنا چاہئے ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اقدامات کو قانون کے تناظر میں پرکھنے سے ان کی استعداد کار میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا متاثرہ افراد اور ان کی قانونی امداد کے سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے درمیان پل کا کردار ادا کر سکتا ہے۔
اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی او ) سید کوثر عباس نے گورنر فیصل کریم کنڈی کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انسانی سوداگری اور جبری مشقت کا مسئلہ تشویشناک صورت اختیار کرتا جا رہا ہے، مافیا سے نمٹنے کے لئے میڈیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ٹھوس حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا ،انسانی سوداگری کے 2018 کے قانون کو پوری طرح نافذ العمل بنانا انتہائی ضروری ہے۔ آگاہی سیشن میں صحافیوں کو ملکی اور بین الاقوامی قوانین کے بارے میں تفصیل کے ساتھ بتایا گیا ۔سید کوثر عباس نے شرکاء کو بتایا کہ پاکستان میں انسانی سوداگری دو قسم کی ہوتی ہیں ،جن میں ملک کے اندر انسانی سوداگری اور دوسری بیرون ملک انسانی سوداگری شامل ہیں ، غیر قانونی انسانی سوداگری کیخلاف پاکستان میں ایف آئی اے ، پولیس ، لیبر ڈیپارمنٹس ، چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹسز اور دیگر ادارے کام کر رہے ہیں ، غیر قانونی انسانی سوداگری کیخلاف پاکستان میں قانون 2018 سے موجود ہے جس کے تحت جرم ثابت ہو نے پر ملزم کو سات سال قید یا دس لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں، اس قانون کے تحت ملک کے اندر پولیس مقدمات درج کرنے کی مجاز ہے اور مقدمات درج کر رہی ہے جبکہ بیرون ملک سمگلنگ کا مقدمہ ایف آئی اے درج کرتی ہے۔