29.4 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 4, 2025
ہومضلعی خبریںانسان کی زندگی میں ماں بولی کی اہمیت کلیدی اہمیت کی حامل...

انسان کی زندگی میں ماں بولی کی اہمیت کلیدی اہمیت کی حامل ہے، وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی ملتان کا تقریب سےخطاب

- Advertisement -

ملتان۔21فروری (اے پی پی):وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کہاہے کہ انسان کی زندگی میں ماں بولی کی اہمیت کلیدی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یہی وہ زبان ہے کہ جس کی مدد سے سب سے پہلے وہ اپنے ماحول سے متعلق واقفیت حاصل کرنا شروع کرتا ہے یا انسان کا اوراس کے ماحول کا تعلق قائم ہونا شروع ہوتا ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ویمن یونیورسٹی ملتان میں ماں بولی کے عالمی دن کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر عظمی قریشی نے مزید کہاکہ ابتدائی عمر کے پہلے تین چار سال میں یا سکول جانے سے پہلے ہر بچہ اڑھائی سے تین ہزار الفاظ سے واقفیت حاصل کر چکا ہوتا ہے یعنی جب وہ سکول میں داخل ہوتا ہے اور اس کا واسطہ اساتذہ اور کتابوں سے پڑتا ہے وہ پہلے سے ہی ماں سے بہت کچھ سیکھ چکا ہوتا ہے۔

- Advertisement -

وہ ممالک جہاں بچوں کو ابتدائی تعلیم ماں بولی میں دی جاتی ہے دراصل بچوں کے ماں بولی میں حاصل شدہ علم کو سکول کی تعلیم کا حصہ بنا لیتے ہیں جس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ بچہ سکول میں اجنبیت محسوس نہیں کرتا اور کتابیں اسے اپنی اپنی لگتی ہیں اورپڑھائی اس کیلئے روز کا معمول اور کھیل بن جاتی ہے جن ممالک میں ابتدائی تعلیم ماں بولی میں نہیں دی جاتی وہاں کے بچوں کو ابتدا ہی میں اڑھائی سے تین ہزار الفاظ کی اہلیت ترک کرنا پڑتی ہے جو کہ بچے کیلئے بڑا نقصان ہے۔

پھر دوسری زبان میں کتابیں اسے اجنبی لگتی ہیں جن کے ساتھ اس کا قلبی تعلق قائم ہونے میں مشکلات حائل رہتی ہیں اور بہت وقت لگتا ہے جبکہ مقامی اقلیتی اورعلاقائی زبانیں ثقافت،اقدار اورروایتی تعلیم کوآگے منتقل کرتی ہیں اور اس طرح ان کے مستقبل کو بھی سہارا ملتا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈاکٹر فرید شریف نے کہا کہ یونیسکو(اقوامِ متحدہ) کے تحت ہرسال 21فروری کو”عالمی ماں بولی کا دن“ منایا جاتا ہے۔اس دن کا بنیادی مقصد ماں بولی کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔کیونکہ بچہ پہلی زبان یا ماں بولی میں پڑھنے،لکھنے اورگنتی کرنے کی بنیادی مہارتیں سیکھتا ہے۔

پاکستان میں تقریباً 65 سے زیادہ زبانیں بولی جاتی ہیں۔ انگریزی پاکستان کی سرکاری زبان ہے، تمام معاہدے اور سرکاری کام انگریزی زبان میں ہی طے کیے جاتے ہیں، جبکہ اردو پاکستان کی قومی زبان ہے۔پاکستان کی صوبائی زبانوں میں پنجابی، پشتو، سندھی بلوچی اور شینا ( بلتستان) میں تسلیم شدہ زبانیں ہیں۔ پاکستان میں رائج دوسری زبانوں اور لہجوں میں، آیر، بدیشی، باگری، بلتی، بٹیری، بھایا، براہوی ، بروشسکی، چلیسو، دامیڑی، دیہواری، دھاتکی، ڈوماکی، فارسی، دری شامل ہیں۔ دنیا میں اب بھی بہت سی زبانیں بن اور مٹ رہی ہیں۔یہ ایک مسلسل اور ارتقائی عمل ہے۔اس پس منظر میں ”ماں بولی کا دن“مختلف زبانوں کو زندہ رکھنے میں مددگارثابت ہوناچاہئے۔اس موقع پر طالبات نے ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتے ہوئے ڈرامے، نغمے اور کلام پیش کیا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=296267

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں