راولپنڈی۔ 30 اگست (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایات پر جاری انسدادِ ڈینگی مہم کے سلسلے میں آر ڈی اے نے آگاہی سیشن اور واک کا انعقاد کیا، جس کا مقصد عوام کو ڈینگی سے بچاؤ کی تدابیر سے آگاہ کرنا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق ڈی جی آر ڈی اے نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ انسدادِ ڈینگی مہم کو مزید تیز کیا جائے، کیونکہ برسات کے موسم میں مچھروں کی افزائش بڑھنے سے بیماری کے پھیلاؤ کا خدشہ زیادہ ہو جاتا ہے۔
یہ اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی آر ڈی اے نے زور دیا کہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کمیونٹی کی شمولیت انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ آر ڈی اے کی ٹیمیں عوام کو براہِ راست آگاہ کریں اور انہیں باور کرائیں کہ گھروں کے اندر اور اردگرد پانی کے جمع ہونے کو ہر صورت ختم کریں، کیونکہ یہی ڈینگی مچھر کی افزائش کی بنیادی وجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو پابند کیا جائے کہ وہ پانی کو بلاوجہ کھڑا نہ ہونے دیں، بصورت دیگر خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ اس حوالے سے آرڈی اے دفتر سے مری روڈ تک واک کا انعقاد گیا۔ انسدادِ ڈینگی واک نے عوامی صحت کے تحفظ کے لیے آر ڈی اے کے عزم کو ایک بار پھر اجاگر کیا، تاکہ بروقت اقدامات اور قوانین کے نفاذ سے ڈینگی کے خطرے پر قابو پایا جا سکے۔