انسداد دہشت گردی عدالت،جناح ہائوس حملہ کیس میں شاہ محمود قریشی سمیت دیگر ملزمان فرد جرم کے لیے6 مارچ کو طلب

70

لاہور۔13فروری (اے پی پی):لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جناح ہاوس حملہ کیس میں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے6 مارچ کو طلب کر لیا۔

عدالت کے جج منظر علی گل نے لاہور کی سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں سماعت کی،جمعرات کو جیل میں کیس کی سماعت پر شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا اور ان کی حاضری لگائی گئی جبکہ برضمانت عالیہ حمزہ، صنم جاوید، روبینہ جمیل اور معروف فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ بھی جیل میں پیش ہوئیں،عدالت نے تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے،پی ٹی آئی رہنماوں پر کارکنوں کو بغاوت اور فسادات پر اکسانے کا الزام ہے اور ان کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ درج ہے،دریں اثنا اسی عدالت نے شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر ملزمان خلاف تھانہ شادمان کو جلانے کے الزام میں درج مقدمے میں فرد جرم میں ترمیم کی حکومتی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا،انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج منظر علی گل کے روبرو پراسیکیوشن نے مقدمے میں دفعات کی تبدیلی کے باعث فرد جرم میں ترمیم کی درخواست دائر کی ہے،ملزمان کے وکلا نے درخواست پر دلائل مکمل کیے،اس کیس میں عالیہ حمزہ، صنم جاوید، خدیجہ شاہ، طیبہ راجہ، اور روبینہ جمیل سمیت دیگر ملزمان شامل ہیں،ملزمان پر پولیس تھانہ شادمان کو نذرِ آتش کرنے،کارکنوں کو بغاوت اور فسادات پر اکسانے کا الزام ہے۔