اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):انسداد دہشت گردی کے حوالے سے عالمی کانفرنس 25ستمبربدھ کو وفاقی دارالحکومت میں ہوگی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ ملکی و غیر ملکی ماہرین خطاب کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق معروف تھنک ٹینک پاکستان انسٹیٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سکیورٹی سٹڈیز (پکس) بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کے اشتراک سے انسداد دہشت گردی کے موضوع پر بحریہ یونیورسٹی میں ایک روزہ عالمی کانفرنس کا انعقاد کر رہا ہے۔ اس کانفرنس کا مقصد انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کی اب تک کی کامیابیوں اور درپیش مسائل پر سیر حاصل بحث کرتے ہوئے قابل عمل پالیسی تجاویز مرتب کرنا ہے۔ کانفرنس کا افتتاح وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کریں گے جبکہ پاکستانی و غیر ملکی ماہرین مقالہ جات پیش کریں گے۔ جڑواں شہروں کی یونیورسٹیوں اور تھنک ٹیکنس کے ماہرین، سفارتکار، ادیب، کالم نگار اور طلبہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔