انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاک امریکہ انفنٹری رائفل کمپنی مشق 2024 اختتام پذیر

151
ISPR
ISPR

راولپنڈی۔10جولائی (اے پی پی):انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاک امریکہ انفنٹری رائفل کمپنی مشق 2024 اختتام پذیر ہو گئی جس میں دونوں پیشہ ور انہ افواج کی انفنٹری رائفل کمپنی نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔

بدھ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاک امریکہ انفنٹری رائفل کمپنی مشق 2024 کی اختتامی تقریب نیشنل کائونٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں منعقد ہوئی۔پاکستان اور امریکہ کے درمیان "انفنٹری رائفل کمپنی مشق 2024” پہلی بار انسداد دہشت گردی کے شعبے میں منعقد کی گئی ہے۔ دو ہفتوں پر محیط مشقیں 29 جون 2024 کو نیشنل کائونٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) پبی میں شروع ہوئیں۔

دونوں پیشہ ور انہ افواج میں سے ہر ایک کمپنی نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔جنرل آفیسر کمانڈنگ 17 ڈویژن نے اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ امریکی فوج کے 34 انفنٹری ڈویژن کے کمانڈنگ جنرل میجر جنرل چارلس جی کیمپر نے بھی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ شرکاء نے طرز عمل کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے اعلی ٰ ترین معیار کا مظاہرہ کیا۔

انفنٹری رائفل کمپنی ایکسچینج کا مقصد مشقوں کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کے علاوہ دونوں ممالک کو درپیش دہشت گردی کے دائمی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لئے اہم انسداد دہشت گردی کے تجربات کا تبادلہ کرنا تھا۔ اس دائرہ کار میں انفرادی اور اجتماعی سطح پر مہارت حاصل کرنے کے علاوہ اربن وار فیئر میں شامل مارک مین شپ کی مہارت کے ساتھ ساتھ ٹیکٹیکل مہارتوں کے حصول پر بھی زیادہ زور دیا گیا۔