اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):انسداد منشیات فورس(اے این ایف)نے تعلیمی اداروں کے اطراف میں منشیات فروشی اور منشیات اسمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران پانچ تازہ ترین کارروائیوں میں پانچ ملزمان کو گرفتار کرکے47 لاکھ روپے سے سے زائد مالیت کی14.470 کلو گرام منشیات برآمد کر لی۔ اے این ایف کے ترجمان کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق تعلیمی اداروں اور ان کے گردونواح میں منشیات فروشی اور سمگلنگ کے خلاف پانچ مختلف کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ہری پور میں یونیورسٹی کے قریب ایک ملزم سے320 گرام چرس برآمد ر لی گئی، کوئٹہ میں یونیورسٹی کے قریب سے7 کلو آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ اے این ایف نے ملتان ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر سے 750 گرام آئس برآمد کر لی۔ اس طرح موٹروے (ایم۔ون) پر اسلام آباد کے قریب ملزم سے 3 کلو چرس اور 1 کلو آئس برآمد کر لی گئی۔ڈیرہ اسماعیل خان میں ملزم سے 2.4 کلو چرس برآمد کر لی۔ ترجمان نے کہا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔