انسداد منشیات کا عالمی دن: ملتان پولیس،تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں کے اشتراک سے سیمینار و آگاہی واک کا انعقاد

159
Drug smugglers
Drug smugglers

ملتان۔ 26 جون (اے پی پی):انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر عوام الناس میں منشیات کے نقصانات اور نوجوان نسل کو اس سے دور رکھنے کے لیے ملتان پولیس،تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں کے اشتراک سے سیمینار و آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ترجمان پولیس کے مطابق بدھ کو یہاں انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر ایس ایس پی آپریشنز ملتان ارسلان زاہد کی سربراہی میں تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں کے سربراہان، طلباء و طالبات اور کثیر تعداد میں شہری سیمینار اور آگاہی واک میں شریک ہوئے۔

شرکاء نے نشہ سے انکار، زندگی سے پیار، نشہ کے نقصانات اور دیگر تحریروں پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ نشہ صحت مند معاشرے میں بگاڑ کا سبب بن رہا ہے اور اس سے مختلف اقسام کے جرائم جنم لے رہے ہیں،ہمیں نوجوان نسل کو نشہ کی لعنت سے دور رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملتان پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے، منشیات فروشوں اور اس کا استعمال کرنے والوں کی نشاندہی کرنا ہر شہری کا فرض ہے تاکہ ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔