فیصل آباد ۔ 30 نومبر (اے پی پی):ضلع میں انسداد پولیو کی جاری مہم کے دوران تین روز میں پانچ سال تک کی عمر کے 9 لاکھ 36 ہزار 803 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جاچکے ہیں۔یہ بات ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کے ایوننگ اجلاس میں بتائی گئی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز کاشف رضا اعوان،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفند یار،اسسٹنٹ کمشنرز اوردیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے انسداد پولیو مہم کے اہداف اور اب تک بچوں کو پلائے گئے قطروں کے ریکارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے مہم کے باقی ایام میں پولیو ٹیموں کو سو فیصد اہداف کے لئے متحرک کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ مائیکروپلان کے مطابق کسی گھر کا 5سال تک کی عمر کا بچہ حفاظتی ویکسین سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ گھروں سے غیر حاضر بچوں کو تلاش کرکے انہیں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی ذمہ داریاں پوری کی جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ والدین کی آگاہی کے لئے بھی اقدامات جاری رکھیں۔انہوں نے جڑانوالہ میں پولیو مہم میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو پلان کے مطابق ٹاؤن کی سطح پر چیک اینڈ بیلنس کریں۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے گھنٹہ گھر8 بازاروں کے تاجروں سے میٹنگ کی اور شہرکی تعمیر وترقی میں تاجروں کے ہمیشہ سے گرانقدر تعاون کو سراہااور کہا کہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد میں تاجروں کا تعاون قابل ستائش رہاہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ سموگ کی صورتحال پر قابو پانے کے لئے بھی اقدامات میں تاجروں کے تعاون کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ تاجروں کو مختلف محکموں سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ تاجر ضلعی انتظامیہ کی ٹیم کا حصہ ہیں شہر کی تعمیر وترقی میں ان کی تجاویز کا ہمیشہ خیر مقدم کرتے ہیں۔گھنٹہ گھر کے تاجروں نے ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اوردرپیش بعض مسائل کے حل کے لئے اقدامات کرنے پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415413