انسداد پولیو مہم شروع ، 36 اضلاع میں 13.5 ملین بچوں کو حفاظتی قطرے پلوانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل

114
عبد القادر پٹیل

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ رواں برس کی تیسری ذیلی انسدادپولیو مہم کا آغاز پیر سے ہو گیا ہے، اس مہم میں ملک بھر کے 36 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر کے 13.5 ملین بچوں کو انسدادِ پولیو قطرے پلوانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

پیر کو وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پیر سے شروع ہونےوالی انسداد پولیو مہم میں پنجاب کے 9ا ضلاع، سندھ کے 8 اضلاع، بلوچستان کے 6 اضلاع اور اسلام آباد شامل ہیں جبکہ خیبر پختونخوا کے 9 ہائی رسک اضلاع میں یہ مہم 5 دسمبر کو شروع ہوگی۔

مہم میں ایک لاکھ سے زیادہ تربیت یافتہ صحت محافظ حصہ لیں گے، جو گھر گھر جاکر پانچ سال سے کم بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم جنوبی خیبرپختونخوا سے پولیو وائرس کو ختم کر سکتے ہیں تو ہم پاکستان سے پولیو کو مکمل طور پر ختم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ہم دراصل وائرس کے خاتمہ کے کافی قریب ہیں، اور ہم جلد از جلد اپنی منزل کے قریب پہنچنے کے لیے پرعزم ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پولیو کے خلاف جنگ میں بڑی پیش رفت کی ہے، وائرس کا پھیلاؤ ملک کے صرف ایک چھوٹے حصے میں باقی رہ گیا ہے۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ انہیں جسمانی معذوری سے بچایا جا سکے۔