لاہور۔8فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی زیرِ قیادت انسدادِ پولیو مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک 20 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ 3 فروری کو شروع ہونے والی رواں سال کی دوسری انسدادِ پولیو مہم کے دوران 22 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو سات روزہ مہم کا چھٹا دن اور پہلا کیچ اپ ڈے تھاتاہم 9 فروری کو مہم کا آخری روز اور دوسرا کیچ اپ ڈے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کیچ اپ ڈے میں رہ جانے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا سلسلہ جاری رہے گا-
ڈپٹی کمشنر نے مہم کو قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانا اولین ترجیح ہے، اس مہم کا مقصد پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر اس موذی مرض سے محفوظ رکھنا ہے، پولیو مہم میں کسی قسم کی کوتاہی ناقابلِ برداشت ہوگی۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔