پشاور۔ 30 مئی (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)سوات محمد حامد بونیرے کی زیر صدارت اجلاس میں انسداد پولیو مہم کے چوتھے روز کہا گیا کہ مہم کے دوران پولیو قطروں سے رہ جانے والے بچوں کی چھان بین کی جائے ۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سوات، ضلع سوات کے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز و ایڈیشنل اسسٹنٹ بذریعہ ویڈیو لنک، ای پی آئی کوارڈینیٹر، این سٹاف آفیسر، نمائندگان محکمہ تعلیم سوات، لوکل گورنمنٹ جبکہ محکمہ صحت کے دیگر نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں این سٹاف آفیسر ڈاکٹر انور جمال نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کو انسداد پولیو مہم کے چوتھے روز کی کارکردگی، پولیو ویکسینیشن کی کیچ اپ ڈے کوریج اور مہم میں درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی۔
اجلاس میں مہم سے متعلق پولیو فکسڈ اور ٹرانزٹ ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس کے ساتھ ساتھ پولیو ٹیموں کے حفاظت کیلئے سیکیورٹی و لیویز فورس کے انتظامات پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو قطروں سے رہ جانے والے بچوں کی چھان بین کی جائے اور انہیں قطرے پلائے جائے۔انہوں نے تحصیل انتظامیہ، پولیس و محکمہ صحت کے افسران کو پولیو مہم میں مزید بہتری لانے کیلئے ضروری ہدایات جاری کئے۔