انسداد پولیو مہم کے دوران 7 لاکھ 92 ہزار 446 بچوں کو پولیو کے قطرے پلا دیئے گئے، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ

49

سیالکوٹ۔10فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع سیالکوٹ میں 7 لاکھ 92 ہزار 446 بچوں کو پولیو کے قطرے پلا دیئے گئے ہیں،

2276موبائل ٹیموں نے 5 لاکھ 51 ہزار 36 بچوں کو گھروں میں جبکہ 1 لاکھ 557 بچوں کو سکولوں میں اور 12 ہزار 173 بچوں کو پولیو کی ویکسین کی حفاظتی خوراکیں پلانے کا قومی فریضہ انجام دیا۔ 133 فکسڈ ٹیموں نے دیہی و بنیادی مراکز صحت، تحصیل و ضلع ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں 6 ہزار 445 بچوں کو کور کیا ، 69 ٹرانزٹ ٹیموں نے 13 ہزار 246 بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے۔

ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے بتایا کہ مہم کے دوران دوسرے اضلاع اور صوبوں سے آئے 54 ہزار 19 مہمان بچوں کو بھی کور کیا جبکہ مجموعی طور پر 5 ہزار 623 رجسٹرڈ بچے دوسرے شہروں، صوبے یا ملک میں ہونے کی وجہ سے کور نہیں کئے جاسکے جن کا مکمل ڈیٹا بیس بنا لیا گیا ہے اور آنے والی مہم میں ان بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر کور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور مجموعی طور پر یہ ایک کامیاب مہم تھی جس پر محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ محکموں کی کاوشیں قابل تحسین رہیں۔