صادق آباد۔16 اپریل (اے پی پی):رحیم یار خان میں ڈپٹی کمشنر خرم پرویز کی زیر صدارت 21تا25اپریل2025ء تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا۔ سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر غضنفر شفیق نے پولیو مہم کے انتظامات بارے بریفنگ دی۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر لیاقت چوہان سمیت دیگر ہیلتھ و تعاون کرنے والے اداروں کے افسران موجو دتھے۔ ڈپٹی کمشنر خرم پرویز نے ہدایت کی
کہ مائیکرو پلان کے مطابق پولیو مہم کے سو فیصد اہداف حاصل کئے جائیں۔ پولیو کے خلاف جاری مہم کو سنجیدہ لیا جائے اور یقینی بنایا جائے کہ ضلع میں پانچ سال سے کم عمر کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کی ویکسین سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے کہا کہ گرمی کے باعث ویکسین کی کولڈ چین کو برقرار رکھنے کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور پولیو ٹیمیں بھی ہیٹ ویو سے محفوظ رہنے کے لئے حفاظتی اقدامات کریں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران11لاکھ سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی جائے گی۔