راولپنڈی۔ 24 اکتوبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کے زیر اہتمام ورلڈ پولیو ڈے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات شازیہ رضوان نے تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی ڈاکٹر آصف ارباب خان نیازی،ڈی ایچ او ڈاکٹر احسان غنی، کوآرڈینیٹر یونیسیف برائے انسداد پولیو پروگرام ڈاکٹر شمائلہ سمیت محکمہ صحت کے افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات شازیہ رضوان نے کہا کہ انسداد پولیو پروگرام کی کامیابی کے لیے حکومت پنجاب پر عزم ہے۔پولیو ورکرز کی دستک معذوری سے بچاؤ کی زندگی کی دستک ہے۔پولیو ورکرز انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز ہمارے حقیقی ہیروز ہیں۔ والدین بچوں کو پولیو ویکسین کے دو قطرے ضرور پلوائیں۔ صحت مند اور معذوری سے پاک معاشرے کے لیے والدین پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کریں۔ملک کو پولیو وائرس سے پاک کرنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔تقریب کے اختتام پر انسداد پولیو پروگرام کے حوالے سے آگاہی واک بھی کی گئی۔ واک کی قیادت پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات شازیہ رضوان نے کی۔ واک کے شرکاء نے انسداد پولیو پروگرام کے حوالے سے آگاہی بینرز اٹھا رکھے تھے
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=516623