چنیوٹ۔ 22 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرچنیوٹ محمد آصف رضا نے کہا ہے کہ 27نومبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو کی خصوصی مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کے لئے تمام تر انتظامات ہر لحاظ سے مکمل ہونے چاہیں اس ضمن میں مائیکروپلان کو از سر نو ترتیب دے کر اس کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ گذشتہ کمزوریوں و خامیوں کا سو فیصد ازالہ ہوسکے۔انہوں نے یہ ہدایات ضلع چنیوٹ میں پولیو مہم شروع کرنے کے حوالے سے انتظامات کے جائزہ بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔
ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد خلیل نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسداد پولیو کی خصوصی مہم 27نومبر سے یکم دسمبر تک جاری رہے گی اس سلسلے میں ضلع چنیوٹ میں پانچ سال تک کی عمر کے 2 لاکھ91 ہزار 119 بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے لئے مجموعی طور پر 1467 ٹیمیں ڈیوٹی انجام دیں گی۔ اس ضمن میں تمام ترضروری انتظامات کو مکمل کرلیا گیا ہے،اجلاس میں نمائندہ ڈبلیوایچ او، یونیسف، محکمہ ہیلتھ و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔