انسداد ڈینگی کیلئے متعلقہ محکمے اپنی انسدادی کارروائیوں کومزید تیز کردیں، اے ڈی سی

81

فیصل آباد۔ 16 ستمبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز کاشف رضا اعوان نے ہدایت کی ہے کہ ضلع میں ڈینگی کی مکمل اندازمیں روک تھام کے لئے تمام متعلقہ محکمے اپنی انسدادی کارروائیوں کومزید تیز کردیں کیونکہ رواں موسم لاروا کی افزائش اور پھیلاؤ کے لئے سازگار ہونے کے باعث ڈینگی وائرس کے خطرات موجود ہیں، لہذا اس ضمن میں معمولی سی غفلت یا عدم توجہی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے یہ ہدایت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں انسداد ڈینگی مہم پرعملدرآمد کی پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرہیڈ کوارٹرزنے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کے لئے تمام محکموں کے ضلعی سربراہان اپنی ذمہ داریوں کو کما حقہ پورا کریں اور کوتاہی کی صورت میں وہ ذمہ دارہونگے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ موسم میں ڈینگی کی افرائش کو روکنا انتہائی اہم ہے اس سلسلے میں انسدادی اقدامات میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے فیلڈ میں سرویلنس سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع نظروں سے اوجھل نہ رہیں۔

اس سلسلے میں قبرستانوں،کباڑ خانوں،پودوں کی نرسریوں و دیگرہاٹ سپاٹس کو چیک کیا جائے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرہیڈ کوارٹرزنے کہا کہ تمام محکمے اینڈ رائڈ فونز کے ذریعے اپنی سرگرمیوں کو باقاعدگی سے رپورٹ کریں۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفند یار،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ثاقب منیر،اسسٹنٹ کمشنرز سٹی وصدر عزیرخاں،فضل عباس،تمام محکموں کے افسرانونمائندگان اورفوکل پرسنز اجلاس میں شریک تھے۔