وہاڑی ۔ 02 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ کی صدارت میں انسدادِ ڈینگی جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کے حوالہ سے دانش سکول،تینوں تحصیلوں کی میونسپل کمیٹیوں، محکمہ انہار اور محکمہ لٹریسی کو انسداد ڈینگی سرگرمیاں بہتر کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام ہاٹ سپاٹس کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے اور ان ڈور، آؤٹ ڈور سرویلنس کو مزید تیز کیا جائے ، دیہی خاص طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں پر توجہ دی جائے ، ڈینگی لاروے کو تلاش کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ نمونے لے کر ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری بھیجوائے جائیں تاکہ لاروے کی افزائش کو روکا جا سکے ۔
انہوں نے کہا کہ افسران ڈیش بورڈ کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہاؤس کیپنگ سرگرمیاں باقاعدگی سے ہونی چاہئیں ۔ ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد فاضل نے اجلاس کوبتایا کہ 24 گھٹنے کے دوران 2 کنفرم ڈینگی مریض رپورٹ ہوئے ہیں، ایک مریض بوریوالا سے اور دوسرے کا تعلق چک نمبر 200ای بی سے ہے ، انسداد ڈینگی احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنیوالوں کو ایک ہفتہ کے دوران 385نوٹسز دیئے گئے اور 47 مقامات پر لاروا کو تلاش کر کے انسدادی کارروائی کی گئی۔