انسداد ڈینگی کے لیے تما م تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے راولپنڈی کے 6سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ،وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی بات چیت

86

راولپنڈی19ستمبر(اے پی پی )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی کے لیے تما م تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔راولپنڈی کے تینوں الائیڈ ہاسپیٹلز سمیت 6سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ، گذشتہ چار سالوں کے دوران ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈینگی بچاﺅ کے اقدامات موثر نہ ہونے کی وجہ سے اس سال ڈینگی کا شدید ترین حملہ ہوا ہے،انسداد ڈینگی کے موثر اقدامات نہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو ضلع بدر کر دیا گیا ہے، اس صورتحال پر وزیراعلی پنجاب سے خصوصی ملاقات کے لئے لاہور جارہا ہوں، ہر ہسپتال میں ڈینگی وارڈ قائم کیے گئے ہیں، انسداد ڈینگی مہم اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے ساتھ ملکر نگرانی کی جائے گی،کسی بھی غفلت،لا پرواہی پر سخت کارروائی کی جائے گا، راولپنڈی کے تینوں ہسپتالوں میں اب تک 3ہزار 813مریض داخل ہوئے جن میں سے 2ہزار 862مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی،اب تک 600مریضوں کو علاج مکمل ہونے کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ہولی فمیلی ہسپتال میں ڈینگی وارڈ کے دورہ کے بعد صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔