اسلام آباد ۔ 17 جون (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز پر زور دیا ہے کہ وہ تحقیق کے دائرہ کار میں وسعت پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے اپنے اہداف کا ازسرنو تعین کرے جبکہ تحقیق کے شعبہ میں ہی علاقائی و بین الاقوامی اداروں اور تھنک ٹینکس کے ساتھ روابط اور تعاون کو بھی مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے یہ ہدایات انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کے قائمقام صدر ندیم ریاض کی جانب سے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ادارے کے کردار کے بارے میں دی گئی پریزنٹیشن کے دوران جاری کیں۔ ندیم ریاض نے انسانی وسائل کی ترقی اور تحقیقی پبلیکشنز کے حوالہ سے ادارے کی خدمات کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں سکالرز، ریسرچرز اور طلباء نے انسٹیٹیوٹ کے پلیٹ فارم سے استفادہ کیا ہے۔ صدر مملکت نے آئی آر ایس کے پیٹرن انچیف کی حیثیت سے پالیسی پر مبنی تحقیق کے مقاصد حاصل کرنے کیلئے انسٹیٹیوٹ کے چارٹر کو بہتر بنانے کی ہدایت کی تاکہ جدید دور کی تحقیق کے تقاضوں کو پورا کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بورڈ آف گورنرز کے ارکان کی تقرری کا عمل تیز کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ ادارے کے معاملات بہتر طور پر چلائے جا سکیں۔