انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد کی 50 ویں یوم تاسیس کی تقریب 16 جون کو ہوگی

184
انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد کی 50 ویں یوم تاسیس کی تقریب 16 جون کو ہوگی

اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) کا 50 واں یوم تاسیس 16 جون کو منایا جائے گا، تقریب میں اہم شخصیات خطاب کریں گی جبکہ یادگاری تقریب کے ایک حصے کے طور پر اس موقع پر کئی نئی کتابیں اور خصوصی رپورٹیں بھی متعارف کرائی جائیں گی۔ آئی ایس ایس آئی کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی لوگو بھی تیار کیا گیا ہے۔

منگل کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز پاکستان کے اہم تھنک ٹینکس میں سے ایک ہے، انسٹیٹیوٹ 1973 میں قائم کیا گیا تھا۔ انسٹی ٹیوٹ پاکستان کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے ساتھ ساتھ جنوبی ایشیا میں سٹرٹیجک استحکام سے متعلق اہم مسائل کے بارے میں وسیع البنیاد اور باخبر عوامی فہم کو فروغ دیتا ہے۔ بیان کے مطابق گزشتہ پانچ دہائیوں کے دوران انسٹی ٹیوٹ نے پالیسی کے میدان میں اہم کردار ادا کیا ہے اور قیمتی آراءپیش کرکے قومی اور بین الاقوامی اہمیت کے معاملات پر باخبر گفتگو کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرکے بیانیہ سازی میں مدد فراہم کی ہے۔

اپنے کثیر الضابطہ نقطہ نظر اور معروف اسکالرز اور محققین ایک ٹیم کے ساتھ آئی ایس ایس آئی نے بین الاقوامی تعلقات، سلامتی، جغرافیائی سیاست، علاقائی حرکیات اور جیو اکنامکس میں پاکستان کے محور سمیت متنوع موضوعات پر مسلسل معیاری تحقیق کی ہے۔ اس کی باقاعدہ اور خصوصی اشاعتوں، سیمینارز، کانفرنسز اور پالیسی بریفنگ نے رائے عامہ کو تشکیل دینے اور پالیسی سازی کو متاثر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ بیان کے مطابق انسٹی ٹیوٹ کا کام 5 سینٹرز آف ایکسی لینس کے ذریعے کیا جاتا ہے جس میں الگ الگ جغرافیائی اور موضوعاتی فوکس ہوتا ہے۔

انسٹیٹیوٹ میں چائنا پاکستان اسٹڈی سینٹر، سینٹر فار افغانستان، مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ؛ انڈیا اسٹڈی سینٹر، آرمز کنٹرول اینڈ ڈس آرمامنٹ سینٹر اور سینٹر فار اسٹریٹجک پرسپیکٹیو کام کررہے ہیں۔ انسٹی ٹیوٹ نے تعاون کے لیے قومی اور بین الاقوامی تھنک ٹینکس کے ساتھ مضبوط شراکت داری بھی قائم کی ہے۔ اب تک پاکستان اور دنیا کے مختلف حصوں میں ان شراکت دار اداروں کے ساتھ تعاون کے لیے 70 سے زائد پروٹوکولز/ایم او یوز کیے جاچکے ہیں۔

انسٹیٹیوٹ اس موقع کو بھرپور طریقے سے منانے کا عزم رکھتا ہے اور یہ یادگاری سنگ میل نہ صرف انسٹی ٹیوٹ کو جاری شراکتوں کا اعزاز بخشتا ہے بلکہ محققین، اسکالرز، پالیسی سازوں، اور اسٹیک ہولڈرز کی مجموعی کوششوں کو بھی سراہتا ہے جو اس سفر کا حصہ رہے ہیں۔

آئی ایس ایس آئی کی 50 ویں سالگرہ فکری تبادلے، مکالمے کو فروغ دینے اور تمام متعلقہ شعبوں میں علم کو آگے بڑھانے کا ایک پلیٹ فارم بننے کے ساتھ ساتھ ماہرین تعلیم، سفارت کاروں، پریکٹیشنرز اور صاحب بصیرت رہنمائوں کو بات چیت میں مشغول کرنے، نقطہ نظر کا اشتراک کرنے اور تعاون کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کے لئے اکٹھا کرے گا۔