اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی)کل پیر کو اپنے قیام کی 52 ویں سالگرہ منائے گا جو ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران آئی ایس ایس آئی نے خود کو پاکستان کے ایک اہم تھنک ٹینک کے طور پر متعارف کرایا ہے اور خارجہ امور، قومی سلامتی ، عالمی تزویراتی امور پر تحقیق اور پالیسی گفتگو کیلئے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ سالگرہ نہ صرف انسٹی ٹیوٹ کی پائیدار میراث کی عکاسی کرے گی بلکہ علاقائی اور بین الاقوامی اسٹریٹجک سوچ میں مستقبل کے تعاون کے لیے بھی ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔
اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ کی نئی پبلیکیشنز کا اجراکیا جائے گا جو عالمی اور علاقائی حرکیات کے بارے میں تازہ بصیرت پیش کریں گی ۔ اپنے پانچ خصوصی مراکز کے ساتھ چائنا پاکستان اسٹڈی سینٹر (CPSC)، سینٹر فار افغانستان، مشرق وسطیٰ اور افریقہ (CAMEA)، انڈیا اسٹڈی سینٹر (ISC) اسلحہ کنٹرول اور تخفیف اسلحہ مرکز (ACDC)اور سینٹر فار سٹریٹیجک پرسپیکٹیو (CSP) سیکورٹی، خارجہ پالیسی اور سٹریٹجک مسائل سے متعلق اہم موضوعات پر تجزیہ فراہم کرتا رہے گا۔ انسٹی ٹیوٹ کاتقریباً 100 قومی اور بین الاقوامی تھنک ٹینکس کے ساتھ شراکت داری کا وسیع نیٹ ورک باہمی تعاون پر مبنی تحقیق اور پالیسی جدت کو فروغ دینے کے مشن کو مزید مضبوط کرے گا۔
جیسا کہ آئی ایس ایس آئی ایک اور اہم سال میں قدم رکھ رہا ہے، یہ فکری تبادلے، پالیسی وکالت اور باخبر فیصلہ سازی کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر خدمات انجام دینے کے عزم کا اعادہ کرے گا۔ سالگرہ کی تقریبات ان محققین، پریکٹیشنرز اور شراکت داروں کے تعاون کو خراج تحسین پیش کریں گی جنہوں نے انسٹی ٹیوٹ کے سفر کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔مستقبل کے حوالہ سے ڈائریکٹر جنرل ایمبیسیڈر سہیل محمود نے کہا ہے کہ آئی ایس ایس آئی اسٹریٹجک ڈسکورس پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اہداف کو تقویت دینے ، علم، مکالمے اور مستقبل کے حوالے سے تجزیہ کے ذریعے امن، سلامتی اور بین الاقوامی تعاون کے مقصد کو فروغ دینے کے لیے پیش قدم رہے گا۔