انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز میں ”وائسز آن کشمیر“ کے عنوان سے خصوصی رپورٹ کا اجراء

112

اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) میں انڈیا سٹڈی سنٹر نے منگل کو ”وائسز آن کشمیر“ کے عنوان سے ایک خصوصی رپورٹ کا اجراءکیا۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اپنے خطاب میں عاصم افتخار احمد نے کہا کہ کشمیر کا تنازعہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے، پاکستان کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت استعمال کرنے کے قابل بنانے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مسئلہ پر ایک سیاسی اور قومی اتفاق رائے ہے جہاں ماضی اور حال کی تمام سیاسی حکومتوں نے جذبے کے ساتھ کشمیر کاز کی وکالت کی ہے۔ رپورٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی آواز رہا ہے اور یہ رپورٹ اس آواز میں مزید اضافہ کرتی ہے۔

قبل ازیں اپنے تعارفی کلمات میں آئی ایس سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشد علی نے کہا کہ جموں و کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی مسئلہ ہے جو یو این ایس سی کے ایجنڈے پر سب سے طویل التواءا تنازعہ ہے۔ اپنے خیرمقدمی کلمات میں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ رپورٹ میں دنیا بھر کی آوازیں شامل ہیں۔

اپنے کلیدی خطاب میں چیئرمین انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز (آئی پی ایس) خالد رحمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بھارت کی ہٹ دھرمی اور عالمی سیاسی نظام کی پیچیدگیوں کی وجہ سے حل نہیں ہوسکا جو طاقتوروں کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد ایک سیاسی اور مقامی تحریک ہے۔

رپورٹ کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی نے رپورٹ اور کشمیر کاز کے لیے آواز اٹھانے میں اس کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹ کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔