انسپکٹر محمد نعیم کی ڈی ایس پی کے عہدہ پر ترقی، آر پی او نے بیجز لگا کر نیک تمناؤں کا اظہار کیا

53

ملتان ۔ 05 جون (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری نے انسپکٹر محمد نعیم کو ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی پانے پر رینک بیجز لگائے۔ اس موقع پر آر پی او نے محمد نعیم کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی محنت، دیانتداری اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔آر پی او کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری نے اس موقع پر مزید کہا کہ محکمہ پولیس میں ترقی صرف عہدے کی تبدیلی نہیں بلکہ ذمے داریوں میں اضافے کا نام ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ محمد نعیم اپنی نئی ذمے داریوں کو مزید محنت، لگن اور فرض شناسی کے ساتھ نبھائیں گے۔ڈی ایس پی محمد نعیم نے اس اعزاز کو اللہ تعالیٰ کی مہربانی، اپنے افسران کی رہنمائی، ساتھیوں کے تعاون اور خاندان کی دعاؤں کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ قانون کی عمل داری، عوام کی خدمت اور محکمہ پولیس کی نیک نامی کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔

یہ تقریب نہ صرف محمد نعیم کے لیے یادگار لمحہ بنی بلکہ نوجوان افسران کے لیے بھی ایک حوصلہ افزا پیغام ثابت ہوئی کہ ایمانداری، فرض شناسی اور مسلسل محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے۔