
راولپنڈی۔18دسمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ انصاف ، تعلیم اور صحت ہر شہری کا بنیادی حق ہے . پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پنجاب اسمبلی کے کم و بیش 30 اجلاسوں میں ریکارڈ قانون سازی کی ہے جس کا مرکزی فوکس ان بنیادی حقوق سمیت عوام الناس کو ہر شعبہ زندگی میں زیادہ سے زیادہ سہولیات بہم پہنچانا ہے . اس سلسلے میں 70 کے قریب اہم نوعیت کے بل منظور کئے گئے جو انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ہماری کاوشوں کا عملی اور بین ثبوت ہے . انہوں نے یہ بات گذشتہ روز یہاں انسانی حقوق کے پارلیمانی کمیشن کے دفتر کے دورے کے دوران کمیشن کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی . راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ہماری حکومت وفاق اور صوبائی سطح پر ادارہ جاتی اصلاح کے ساتھ ساتھ ہر شعبے میں انقلابی اور دور رس نتائج کے حامل اقدامات اٹھا رہی ہے . پنجاب میں خواندگی اور غیر رسمی تعلیم کے شعبے کو نمائشی موڈ سے نکال کر ترقی کے قومی دھارے میں فعال اور نتیجہ خیز کردار کا حامل بنا دیا گیا ہے . ہم نے خواندگی کی پہلی پالیسی بھی جاری کر دی ہے جس سے شرح خواندگی کو مطلوبہ نتائج سے ہمکنار کرنے کا راستہ آسان ہو گیا ہے . اسی طرح صحت ، تعلیم اور فراہمی انصاف سمیت لوگوں کو مختلف مافیائوں سے بچانے کیلئے بھی عملی اقدامات کئے گئے ہیں . انہو ںنے کہا کہ حصول انصاف کے ضمن میں بنیادی اصلاحات کی گئی ہیں جن کے نتیجے میں اب ہر تھانے میں شہریوں کے ساتھ حسن سلوک کرکے ان کی شکایات درج کی جاتی ہیں . راجہ راشد حفیظ نے پارلیمانی کمیشن برائے انسانی حقوق کے عہدیداروں کو اپنی وزارت کی کارکردگی سے تفصیلا آگاہ کیا اور پارلیمانی کمیشن کی کارکردگی کے بارے میں معلومات لیں . انہو ںنے کہا کہ پنجاب کا نیا بلدیاتی نظام منظور ہو چکا ہے جس کے تحت بہت جلد بنیادی حکومتوں کے قیام کیلئے الیکشن ہونگے . یہ نظام صحیح معنوں میں عوام الناس کو اقتدار میں شریک کرنے کا باعث بنے گا اور وہ اپنے علاقے کی تعمیر و ترقی اور دیگر امور چلانے میں خود با اختیار بن جائیں گے . کمیشن کے عہدیداروں نے صوبائی حکومت بالخصوص راجہ راشد حفیظ کی وزارت کی کارکردگی کی تعریف کی ۔