گوجرانوالہ۔ 03 اپریل (اے پی پی):اسسٹنٹ ایڈوائزر وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس گوجرانوالہ محمدواصف سلیم نے گجرات میں گیپکو آفس کمپلیکس میں کانفرنس روم میں ’’انصاف آپ کی دہلیز پہ ‘‘ پروگرام کے تحت مختلف وفاقی محکموں کے خلاف شکایات سنیں جس میں گیپکو، سوئی گیس، پوسٹل لائف انشورنس، نادرا، ایف آئی اے اور ای او بی آئی وغیرہ کے خلاف (27) شکایات تھیں ۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کی طرف سے سینئر افسران موجود تھے ۔ دوران سماعت (15) شکایات کا موقع پر ہی فیصلہ کر دیا گیا اور لوگوں کو ریلیف فراہم کیا گیا باقی (12) شکایات کو اگلی تاریخ تک ملتوی کر دیا گیا۔
اس موقع پر موجود شکایت کنندگان نے وفاقی محتسب کے ادارے کی کارکردگی کو سراہا اور اعجاز احمد قریشی کا شکریہ ادا کیا۔ محمد واصف سلیم اسسٹنٹ ایڈوائزر نے کہا کہ اس ادارے کا مقصد لوگوں کو ان کی دہلیز پر مفت اور فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ اس سلسلہ میں نہ کسی وکیل کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ فیس کی، شکایات کا صرف (40) چالیس دن میں فیصلہ کیا جاتا ہے۔ تمام شکایات کنندگان نے درخواست کی کہ یہ دورے جاری رہنے چاہیے کیوں کہ یہ مسائل کا بہترین حل ہے اور ان کو اپنے ہی شہر میں حاضر ہو کر اپنا موقف پیش کرنے کا موقع مل جاتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578208