انصاف اور قانون کی عملداری کے بغیر ریاستوں کا شیرازہ بکھر جاتا ہے، وزیر اعظم عمران خان کا ٹویٹ

97
انصاف اور قانون کی عملداری کے بغیر ریاستوں کا شیرازہ بکھر جاتا ہے، وزیر اعظم عمران خان کا ٹویٹ
انصاف اور قانون کی عملداری کے بغیر ریاستوں کا شیرازہ بکھر جاتا ہے، وزیر اعظم عمران خان کا ٹویٹ

اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انصاف اور قانون کی عملداری کے بغیر ریاستوں کا شیرازہ بکھر جاتا ہے۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تم سے پہلے کئی قومیں اس لئے تباہ ہوگئیں کہ ان میں طاقتور کے لیے ایک قانون جبکہ کمزور کے لیے دوسرا قانون تھا۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ ریاستیں اخلاقی زوال اور بدعنوانی کی وجہ سےتباہ ہوگئیں کیونکہ اخلاقی طاقت کے بغیر کوئی ریاست اپنے شہریوں کو انصاف فراہم نہیں کر سکتی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ انصاف اور قانون کی عمل داری کے بغیر ریاستوں کا شیرازہ بکھر جاتا ہے کیونکہ اگر ریاست کے پاس اخلاقی طاقت نہ رہے تو وہ طاقتور مجرموں سے مک مکا (این آر او) شروع کر دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے حالیہ انتخابات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ کس طرح ہم اخلاقی سمت کھو رہے ہیں۔

وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ امریکا کے سابق چیف آف سٹاف جنرل ڈگلس میک آرتھر کا قول شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ تاریخ میں ایسی ایک بھی مثال نہیں ملتی جس میں اخلاقی زوال کا شکار ہونے والی کوئی قوم سیاسی اور اقتصادی زوال میں مبتلا نہ ہوئی ہو۔

وزیر اعظم نے سابق برطانوی جج پیٹرک آرتھر ڈیولن کا قول بھی شیئر کیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ معاشرے کی فلاح و بہبود کے لئے اخلاقی جوازبھی اتنا ہی ناگزیر ہے جتنی کہ ایک اچھی حکومت ۔

اتنے معاشرے بیرونی دبائو سے نہیں ٹوٹے جتنوں کا شیرازہ اندرونی خرابیوں سے بکھرا۔وزیر اعظم نے سابق برطانوی دانشور ایڈمنڈ برکی کے اخلاقیات اور اخلاقی رویوں کے حوالے سے قول بھی شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ حکومتوں پر لکھنے والے اس بات پر اتفاق کرتے ہیں جس قوم میں بدعنونی بڑے پیمانے پر پھیل جائے ان کی آزادی طویل عرصہ قائم نہیں رہتی۔