انصاف کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی ترجیح ہے، اعظم نذیر تارڑ

انصاف کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی ترجیح ہے، اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وفاقی سروس ٹریبونل کی ڈیجیٹل تبدیلی سے عدالتی کارروائیوں میں تاخیر کم ہوگی، انصاف کا نظام مزید شفاف، موثر اور شہری دوست بنے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وفاقی سروس ٹریبونل (ایف ایس ٹی) کے لیے ای-اپیل مینجمنٹ سسٹم (ای اے ایم ایس)، پبلک انٹرفیس، مینجمنٹ ڈیش بورڈ اور مقدمات کی آن لائن سماعت کے لیے ویڈیو لنک سہولت کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انصاف کی فراہمی کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عدالتی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے جس کا مقصد عوام کو تیز، شفاف اور موثر انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی سروس ٹریبونل میں جدید ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے سائلین، وکلاء اور عدالتی عملے کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور مقدمات کے انتظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔وزارت قانون و انصاف کے ڈویلپمنٹ ونگ کی جانب سے تیار کیا گیا ویب پر مبنی ای-اپیل مینجمنٹ سسٹم (ای اے ایم ایس) وفاقی سروس ٹریبونل کے چیئرمین جسٹس (ر) روح الامین خان کی نگرانی میں تیار کیا گیا ہے جسے اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ٹریبونل کے تمام بینچز پر نافذ کر دیا گیا ہے۔اس نظام کے ذریعے اپیل دائر کرنے سے لے کر فیصلے کے اجراء تک تمام مراحل ایک مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر انجام دیئے جائیں گے۔

اس کے ساتھ متعارف کرایا گیا پبلک انٹرفیس اور مینجمنٹ ڈیش بورڈ سائلین، وکلاء اور عدالتی عملے کو مقدمات کی معلومات تک فوری اور آسان رسائی فراہم کرے گا۔وفاقی سروس ٹریبونل کے تمام بینچز کو ویڈیو لنک سہولت سے بھی منسلک کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے مناسب مقدمات کی آن لائن سماعت ممکن ہوگی۔ وزارت قانون کے مطابق اس اقدام سے سفری مشکلات اور عدالتی تاخیر میں کمی آئے گی جبکہ وقت اور سرکاری وسائل کا زیادہ موثر استعمال ممکن ہو سکے گا۔

تقریب کے دوران وزارت قانون و انصاف کے ڈویلپمنٹ ونگ کے ڈائریکٹر پلاننگ محمد جاوید نے ای-اپیل مینجمنٹ سسٹم پر تفصیلی پریذنٹیشن دیتے ہوئے بتایا کہ یہ نظام اپیلوں کے آغاز سے اختتام تک مکمل ڈیجیٹل انتظام فراہم کرتا ہے، شفافیت اور انتظامی موثریت میں اضافہ کرتا ہے اور بروقت انصاف کی فراہمی میں معاون ثابت ہوگا۔

افتتاحی تقریب میں وفاقی سروس ٹریبونل کے اراکین، وزارت قانون و انصاف کے جوائنٹ سیکرٹری، ڈپٹی اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرلز، وکلاء برادری کے نمائندگان اور مختلف وزارتوں، ڈویژنز اور سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی جبکہ لاہور، کراچی اور پشاور سمیت ٹریبونل کے کیمپ دفاتر ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب میں شریک ہوئے۔