خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے،محکمہ موسمیات

خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے،محکمہ موسمیات

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ پیر کی رات اور منگل کو موسلادھار بارشوں کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد،راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، آندھی/جھکڑ چلنے اور آسمانی بجلی گرنےکے باعث کمزور تعمیرات (سولر پینلز، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظربحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں مسلسل ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ خلیج بنگال سے مرطوب ہوائوں کا سلسلہ بھی آج رات سے شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

مغربی ہوائوں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں پر موجود ہے جو کل سے وسطی علاقوں کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم مرطوب رہنے کی توقع ہے ،کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا ، شمال مشرقی پنجاب ،اسلام آباد ، خطہ پوٹھوہار اور جنوب مشرقی سندھ میں چند مقامات پر تیز ہوائوں/آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے۔اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش،ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔

کل (منگل) کو کشمیر،خیبرپختونخوا ، پنجاب، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہوائوں،آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے، اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش/ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب جبکہ جنوبی علاقوں میں دن کے اوقات میں شدید گرم رہنے کی توقع ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں کہیں کہیں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش پنجاب: گوجرانوالہ 27، سیالکوٹ (ایئرپورٹ 22، سٹی 09)، گجرات 05، اٹک 03، لاہور (ایئرپورٹ 01)، خیبر پختونخوا: دیر 22، کاکول 16، پٹن 15، پشاور (سٹی 10، ایئرپورٹ 03)، باچا خان ایئرپورٹ 02، کشمیر: مظفرآباد (سٹی 14، ایئرپورٹ 12)ملی میٹر بارش ریکارڈ ہو ئی۔ پیر کوریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت : سبی، دادو48، جیکب آباد، نوکنڈی اور دالبندین میں 47ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید خبریں