واسا فیصل آباد میں جی آئی ایس پر مبنی شفاف اور پیپرلیس آپریشنز کیلئے نیا ڈی سلٹنگ ماڈل متعارف کرا دیا گیا

واسا فیصل آباد میں جی آئی ایس پر مبنی شفاف اور پیپرلیس آپریشنز کیلئے نیا ڈی سلٹنگ ماڈل متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت تمام سب ڈویژنز میں ڈی سلٹنگ کی سرگرمیوں کو ڈیجیٹائز کیا گیا

فیصل آباد۔ 06 جولائی (اے پی پی):واسا فیصل آباد میں جی آئی ایس پر مبنی شفاف اور پیپرلیس آپریشنز کیلئے نیا ڈی سلٹنگ ماڈل متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت تمام سب ڈویژنز میں ڈی سلٹنگ کی سرگرمیوں کو ڈیجیٹائز کیا گیا۔ نئے نظام کے تحت تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اپنے متعلقہ علاقوں میں براہ راست جی آئی ایس پلیٹ فارمز پر ڈی سلٹنگ شیڈول بنا سکتے ہیں اور ان تمام تجویز کردہ شیڈول کو ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرزاور ڈائریکٹرز کے ساتھ جائزہ اور منظوری کیلئے شیئر کیا جا سکے گا۔ اس کے بعد فیلڈ میں موجود عملہ آن گراؤنڈ تصدیق کو یقینی بناتے ہوئے ڈی سلٹنگ سے پہلے اور بعد کی تصاویر اپ لوڈ کر کے ڈی سلٹنگ سرگرمیوں کو اپ ڈیٹ کر سکتا ہے۔ نئے نظام کے تحت یہ پورا عمل کاغذ کے بغیر اور مکمل طور پر شفاف ہے اور واسا فیصل آباد اور واسا پنجاب کی اعلیٰ انتظامیہ سنٹرلائزڈ ڈیش بورڈ کے ذریعے ڈی سلٹنگ کی تمام سرگرمیوں کی پیش رفت کو دیکھ اور مانیٹر کر سکے گی۔

اس نئے نظام کو اپنانے اور اس کے موثر استعمال کو یقینی بنانے کے لئے تمام او اینڈ ایم اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کا تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا کی نمائندگی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر او اینڈ ایم فرحان اکرم نے کی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر جی آئی ایس رانا تصور حسین نے نئے ڈیجیٹلائز سسٹم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور واضح کیا اس سسٹم کی صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے بھی کام جاری ہے تاکہ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، صارفین کے ڈیٹا اور اے آئی کی صلاحیتوں کو نئے ماڈیول کے ساتھ مربوط کیا جا سکے تاکہ کارکردگی اور خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ جی آئی ایس سیکشن نے سسٹم کے فوری استعمال کو قابل بنانے کے لیے تمام فیلڈ سٹاف کے ساتھ لاگ ان بھی کرایا۔