عوامی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے،چیف آفیسرمیونسپل کمیٹی حرمزئی

چیف آفیسر میونسپل کمیٹی حرمزئی عبدال خان ترین نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان اور محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کی خصوصی ہدایات کے مطابق عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے

کوئٹہ۔ 06 جولائی (اے پی پی):چیف آفیسر میونسپل کمیٹی حرمزئی عبدال خان ترین نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان اور محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کی خصوصی ہدایات کے مطابق عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایچ سی حرمزئی، وارڈ نمبر 6، 7، 8 اور 9 سمیت مختلف علاقوں میں متعدد ترقیاتی منصوبوں پر بیک وقت عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔جاری منصوبوں میں ٹاپ ٹیل،واش رومز کی تعمیر، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، گھریلو شمسی توانائی کے منصوبے، سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت، بازاروں میں سیوریج نظام کی بہتری، نکاسی آب کے مؤثر انتظام، نئی نالیوں کی تعمیر اور پرانی نالیوں کی مرمت شامل ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو بہتر اور دیرپا بنیادی سہولیات میسر آئیں گی اور علاقے کی مجموعی ترقی میں نمایاں بہتری آئے گی۔عبدال خان ترین نے کہا کہ مالی سال 2026ـ27 کے پی ایس ڈی پی کے تحت میونسپل کمیٹی حرمزئی میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بھی مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔

روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں ٹن کچرا شہر اور آبادیوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ مچھروں اور بیماریوں کے تدارک کے لیے مختلف علاقوں میں باقاعدگی سے اسپرے مہم بھی جاری ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی حرمزئی کے چیئرمین سید حیدر شاہ کی قیادت، محکمہ بلدیات و دیہی ترقی حکومت بلوچستان کی سرپرستی اور میونسپل کمیٹی کے افسران و اہلکاروں کی انتھک محنت، دیانتداری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت ترقیاتی منصوبوں اور صفائی ستھرائی کے نظام میں نمایاں بہتری آئی ہے۔چیف آفیسر نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ میونسپل کمیٹی حرمزئی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر، صاف ستھرا اور جدید شہری ماحول فراہم کیا جا سکے۔

 

مزید خبریں