گلگت بلتستان کی نگران حکومت نے اپنی آئینی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں ،وفاقی وزیر امیر مقام

وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے گلگت بلتستان کی نگران حکومت کے اعزاز میں الوداعی اجلاس کی صدارت کی جس میں نگران وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) یار محمد خان اور نگراں کابینہ کے ارکان نے شرکت کی

گلگت۔6جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے گلگت بلتستان کی نگران حکومت کے اعزاز میں الوداعی اجلاس کی صدارت کی جس میں نگران وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) یار محمد خان اور نگراں کابینہ کے ارکان نے شرکت کی۔پیر کو وزارت سے جاری بیان کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےوفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے نگراں حکومت کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نگران سیٹ اپ نے اپنی آئینی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں اور شفاف، پرامن اور منظم انتظامی امور کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔وفاقی وزیر نے سابق وزیراعلیٰ اور کابینہ ارکان کی ایمانداری کو بھی سراہا۔

انہوں نے گلگت بلتستان میں پرامن انتخابات کے انعقاد پر کابینہ کے ارکان کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل کی کاوشوں میں بھی گلگت بلتستان کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔انہوں نے نگران وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) یار محمد خان اورکابینہ کے تمام ارکان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر نگراں وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) یار محمد خان نےوفاقی حکومت، بالخصوص وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کے تعاون پرشکریہ ادا کیا اور کہا کہ نگران حکومت نے اپنی ذمہ داریاں عوامی مفاد اور آئینی تقاضوں کے مطابق ادا کرنے کی بھرپور کوشش کی۔اجلاس خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوا جہاں وفاقی وزیر نے نگران حکومت کے ارکان کے لیے مستقبل میں بھی کامیابی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔