گوجرانوالہ،ڈپٹی کمشنر نے "ستھرا پنجاب، سرسبز پنجاب” وژن پر عملدرآمد کا جائزہ لیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "ستھرا پنجاب، سرسبز پنجاب” وژن پر عملدرآمد کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے علی الصبح ماڈل ٹاؤن اور شمسی چوک انڈر پاس روڈ کا تفصیلی دورہ کیا

گوجرانوالہ ۔ 06 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "ستھرا پنجاب، سرسبز پنجاب” وژن پر عملدرآمد کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے علی الصبح ماڈل ٹاؤن اور شمسی چوک انڈر پاس روڈ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صفائی ستھرائی، گرین بیلٹس کی دیکھ بھال اور شہری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔

ماڈل ٹاؤن کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب کی ٹیموں کی صفائی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سنٹر میڈین، گرین بیلٹس اور مرکزی شاہراہوں کی بروقت صفائی، گھاس کی کٹائی، جھاڑیوں کی تراش خراش اور کوڑا کرکٹ کی فوری تلفی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو صاف، ستھرا اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے شمسی چوک انڈر پاس روڈ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے گرین بیلٹ کی دیکھ بھال، شجرکاری کے تحفظ اور تزئین و آرائش کے اقدامات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ پودوں کی باقاعدہ آبیاری، صفائی اور گرین بیلٹس کی حفاظت پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق گوجرانوالہ کو صاف، سرسبز اور ماحول دوست شہر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ بھرپور انداز میں متحرک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی اور گرین بیلٹس کی مستقل دیکھ بھال میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔