سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کا اجلاس سینیٹر رانا محمود الحسن کی صدارت میں ہوا، جس میں "سول سرونٹس (ترمیمی) بل 2026” کی متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی ہے
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کا اجلاس، سول سرونٹس ترمیمی بل 2026 متفقہ منظور

مزید خبریں
اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کا اجلاس سینیٹر رانا محمود الحسن کی صدارت میں ہوا، جس میں "سول سرونٹس (ترمیمی) بل 2026” کی متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی ہے۔ اجلاس میں ڈپوٹیشن (دوسرے محکموں میں تعیناتی) کی 5 سالہ حد سے تجاوز اور اس کی پالیسی کو ریگولیٹ کرنے پر بحث کی گئی، جس پر سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ نے قواعد پر نظرثانی کی یقین دہانی کرائی تاہم اسپیشل اور پروجیکٹ پے اسکیلز پر نامکمل معلومات دینے پر کمیٹی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایجنڈا موخر کر دیا۔ اجلاس کے دوران اوگرا کے مانیٹرنگ سسٹم اور صارفین کی شکایات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے ایک گیس صارف کے میٹر کو بل نہ ملنے کے باوجود اکھاڑنے اور اوگرا کی انکوائری میں گیس کمپنی کی حمایت کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ چیئرمین کمیٹی نے چیئرمین اوگرا کو ہدایت کی کہ وہ اس کیس کا خود جائزہ لے کر دو ہفتوں میں صارف کو انصاف فراہم کریں۔
اس کے علاوہ، پٹرول پمپوں پر راتوں رات آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی الحاق تبدیلی کو روکنے کے لیے اوگرا کو فریقین کی مشاورت سے جامع پالیسی بنانے کا حکم دیا گیا۔ کمیٹی کو بونڈڈ پیٹرولیم مصنوعات کی منتقلی سے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے کیس پر بتایا گیا کہ ایف بی آر اس کی ڈیجیٹل آڈٹ کر رہا ہے جبکہ اوگرا نے معاملہ ایف آئی اے کو بھیج دیا ہے۔ مزید برآں، ایران امریکہ حالیہ کشیدگی کے دوران تیل کی بلا تعطل سپلائی برقرار رکھنے پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو سراہا گیا اور اوگرا کو ہدایت کی گئی کہ کمپنیوں کے بقایا جات کے معاملات کو فوری حل کیا جائے اور تاخیر پر بننے والا سود بھی کمپنیوں کو منتقل کیا جائے۔ اجلاس کے اختتام پر اسلام آباد کے حالیہ واقعے میں شہید ہونے والے گروپ کیپٹن عاصم طارق کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور فاتحہ خوانی کی گئی۔







