"قائمقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے حوالدار لالک جان شہید کی 27ویں برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے وطن کے دفاع کے لیے ان کی لازوال قربانی کو قوم کا قابلِ فخر سرمایہ قرار دیا۔”
قائمقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کا حوالدار لالک جان شہید کو 27ویں برسی پر خراجِ عقیدت

مزید خبریں
اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):قائمقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے حوالدار لالک جان شہید کی 27ویں برسی کے موقع پر انہیں زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطنِ عزیز کے اس بہادر سپوت نے دفاعِ پاکستان کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے جرات، فرض شناسی اور حب الوطنی کی ایسی روشن مثال قائم کی جو ہمیشہ قوم کے لیے مشعلِ راہ رہے گی، کارگل کے محاذ پر حوالدار لالک جان شہید کی بے مثال استقامت اور شجاعت ہماری عسکری تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق قائمقام صدر نے کہا کہ حوالدار لالک جان شہید نے 7 جولائی 1999ء کو کارگل جنگ کے دوران شدید گولہ باری اور دشمن کے مسلسل حملوں کے باوجود غیر معمولی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی دفاعی پوزیشن کا آخری سانس تک تحفظ کیا اور مادرِ وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن کیلئے دی جانے والی ایسی عظیم قربانیاں ہمیشہ قومی تاریخ کا قیمتی سرمایہ رہیں گی اور آنے والی نسلوں کو حب الوطنی، عزم اور ایثار کا درس دیتی رہیں گی۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کے افسران اور جوانوں نے ہر دور میں ملکی خودمختاری، آزادی اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔ پوری قوم اپنے شہداء کی عظمت کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کے اہلِ خانہ کے صبر، حوصلے اور ایثار کو انتہائی قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قومی اتحاد، دفاعی قوت اور وطن سے وابستگی کے جذبے کو مزید مستحکم کرتی ہیں اور قوم اپنے ان عظیم ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔صدر سید یوسف رضا گیلانی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حوالدار لالک جان شہید کے درجات بلند فرمائے، انہیں اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور پاکستان کو ہمیشہ امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی سے نوازے۔







