ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کی زیرصدارت کوچز کی کارکردگی اور سی ایم پنجاب یوتھ گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا
ڈی جی سپورٹس پنجاب کی زیرصدارت کوچز کی کارکردگی اور سی ایم پنجاب یوتھ گیمز کے حوالے سے اہم اجلاس

مزید خبریں
لاہور۔6جولائی (اے پی پی):ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کی زیرصدارت کوچز کی کارکردگی اور سی ایم پنجاب یوتھ گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد، زرینہ وقار سمیت دیگرنے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب بھر کے تمام ڈویژنزکے کوچز کی کارکردگی اور سی ایم پنجاب یوتھ گیمز کی تیاریوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور افسران نے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،سپورٹس اکیڈمیز کا دائرہ کار پنجاب کے تمام ڈویژنز تک وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو اپنے علاقوں میں ہی معیاری تربیت کی سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی ایم پنجاب یوتھ گیمز کی تیاریاں بھرپور انداز میں جاری ہیں جبکہ گیمز کے لیے رجسٹریشن کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔
سی ایم پنجاب یوتھ گیمز کے تحت 19 مختلف کھیلوں کے مقابلے یونین کونسل کی سطح سے شروع ہو کر تحصیل، ضلع، ڈویژن اور پنجاب کی سطح تک منعقد کیے جائیں گے،جس سے پنجاب کے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مساوی مواقع میسر آئیں گے۔ سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈیمز میں کھلاڑیوں کی مفت تربیت کی جارہی ہے اب اس کا دائرہ پنجاب کے تمام ڈویژن تک بڑھایا جارہا ہے۔ڈی جی سپورٹس نے تمام افسران اور کوچز کو ہدایت کی کہ سی ایم پنجاب یوتھ گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق کھیلوں کے فروغ کا مقصد کامیابی سے حاصل کیا جا سکے، کوچز اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے بھرپور محنت کریں، کیونکہ نوجوان کھلاڑیوں کی کامیابی میں کوچز کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔







