"سرگودھا میں شدید گرمی کی لہر، درجہ حرارت 47 سے 55 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان، شہری ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔”
ہیٹ سٹروک کی صورت میں فوری قریبی ڈاکٹر یا ہسپتال سے رجوع کریں،میڈیکل فزیشن

مزید خبریں
سرگودھا ۔ 06 جولائی (اے پی پی):سرگودھا کے زیادہ تر علاقوں میں گرمی کی شدت بہت زیادہ بڑھنے کا امکان ہے جس میں درجہ حرارت 47 سے 55 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جس میں احتیاط ہی ہیٹ سٹروک سے بچا سکتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار میڈیکل فزیشن ڈاکٹر ملک اکرام محمود نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر اکرام محمود نےکہا کہ گرمی کی اس شدت میں اپنی گاڑیوں میں سے ہر قسم کی گیس والی چیزیں جیسے ماچس، لائٹر اور تیز پریشر والے اسپرے جو گرمی سے پھٹ سکتے ہیں جن میں کولڈ ڈرنکس (شیشے یا کین والی بوتلیں)، عطر، پرفیومز اور ہر قسم کی الیکٹرانک ڈیوائسز کی بیٹریاں نکال دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اپنی گاڑیوں کے شیشے کو بھی تھوڑا سا کھلا رکھیں تاکہ اندر کی گرم ہوا باہر نکلتی رہے۔ گاڑی کی پٹرول ٹینک فل نہ کروائیں، گاڑی میں پٹرول ہمیشہ شام یا رات کے وقت ڈلوائیں، گاڑی کے ٹائروں میں ضرورت سے زیادہ ہوا نہ بھریں۔ اسی طرح انہوں نے کہا کہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دیں، زیادہ سے زیادہ پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کریں، کھانا مناسب کھائیں زیادہ پیٹ بھر کے کھا مت کھائیں اور ہلکی خوراک کا استعمال کریں ، کھانا پکانے والے گیس سلنڈرز کو ہرگز دھوپ میں نہ رکھیں اُنہیں سائے دار اور محفوظ جگہ پر رکھیں، بجلی کے میٹروں پر زیادہ لوڈ نہ ڈالیں جس کمرے میں فیملی موجود ہو صرف وہیں کا اے سی چلائیں، خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں جب گرمی بہت زیادہ ہوتی ہے۔ دن کے وقت صبح 10بجے سے لے کر دوپہر 3 بجے تک براہِ راست تیز دھوپ میں نکلنے سے پرہیز کریں اور اگر جانا ضروری ہوتو کالا چشمہ، پانی کی بوتل اور گیلا تولیہ لازمی ہمراہ رکھیں۔ ڈاکٹر اکرام محمود نے کہا کہ ہیٹ سٹروک کی صورت میں فوری قریبی ڈاکٹر یا ہسپتال سے رجوع کریں۔ انہوں نے کہا کہ احتیاط ہی سب سے بڑا ہتھیار ہے۔








