ایبٹ آباد،خیبرپختونخوا کے پہلے سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول 2026 کا افتتاح،دو ہزار طلبہ شریک

"خیبرپختونخوا کے پہلے ‘سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول 2026’ کا افتتاح، طلبہ کی تعلیمی، تخلیقی اور شخصی صلاحیتوں کے فروغ کی جانب اہم قدم۔”

ایبٹ آباد۔ 06 جولائی (اے پی پی):وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا ارشد ایوب خان نے ایبٹ آباد میں صوبے کے پہلے ’’سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول 2026‘‘ کا افتتاح کر دیا۔

تقریب میں کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ،چیئرمین ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ عنایت اللہ وسیم،محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام،اساتذہ اور صوبے بھر سے آئے طلبہ نے شرکت کی۔افتتاح کے موقع پر طلبہ نے تقاریر،ٹیبلوز،بینڈ پرفارمنس اور دیگر رنگا رنگ سرگرمیاں پیش کیں۔وزیر تعلیم ارشد ایوب خان نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار منعقد ہونے والے اس فیسٹیول میں تقریبا دو ہزار طلبہ شریک ہیں جنہیں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ مختلف علاقوں کی ثقافت،روایات اور قائدانہ صلاحیتوں سے روشناس کرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں اصلاحات،شفاف امتحانی نظام،اساتذہ کے وقار کی بحالی اور انتظامی بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔اس موقع پر کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ نے ہر تحصیل میں ایک ماڈل سکول قائم کرنے اور ضلعی افسران کی سرپرستی میں سرکاری سکولوں کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ چیئرمین تعلیمی بورڈ عنایت اللہ وسیم نے معیاری تعلیم و تربیت کو حکومت،اساتذہ اور والدین کی مشترکہ ذمہ داری قرار دیا۔

مزید خبریں