ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،ڈپٹی کمشنر حب

"ڈپٹی کمشنر حب کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس، اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں پر فراہمی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔”

کوئٹہ۔ 06 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر حب کی زیر صدارت ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں عوام کو اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں پر فراہم کرنے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے ثمرات براہِ راست عوام تک منتقل کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز اور اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر حب، ڈپٹی ڈائریکٹر ویٹس اینڈ میڑرز، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک، ڈپٹی ڈائریکٹر بلوچستان فوڈ اتھارٹی، ڈی ایس پی ٹریفک، تاجر تنظیموں، سماجی تنظیموں، ہوٹل ایسوسی ایشن، کریانہ مرچنٹس، دودھ فروشوں اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران اشیائے خوردونوش اور روزمرہ استعمال کی مختلف اشیاء کے نرخوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد متفقہ طور پر نئی قیمتوں کی منظوری دی گئی، جس کے بعد ضلع حب کے لیے نیا سرکاری نرخ نامہ جاری کر دیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حب نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی ہدایات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ عوام تک پہنچانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ عوام کو مقررہ نرخوں پر معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی ہر ممکن طور پر یقینی بنائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر حب اور متعلقہ تحصیلداروں کو ہدایت کی کہ وہ ضلع بھر میں جاری کردہ نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں، روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں اور بازاروں کا معائنہ کریں اور خلاف ورزی کے مرتکب دکانداروں، ہوٹل مالکان اور دیگر کاروباری افراد کے خلاف قانون کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانوں سمیت قانونی کارروائی کی جائے گی جبکہ سنگین خلاف ورزی کی صورت میں قید سمیت دیگر قانونی اقدامات بھی عمل میں لائے جائیں گے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر تاجر تنظیموں اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع حب میں سرکاری نرخ نامے پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور عوام کو اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

مزید خبریں