انسپکٹوریٹ آف مائنز مچھ کے زیر اہتمام مغل کول کمپنی کے تعاون سے ایک روزہ ہیلتھ اینڈ سیفٹی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد کان کنوں میں حفاظتی شعور اجاگر کرنا، پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ اور کان کنی کے دوران ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا
انسپکٹوریٹ آف مائنز مچھ کے زیر اہتمام مغل کول کمپنی کے تعاون سے ایک روزہ ہیلتھ اینڈ سیفٹی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 06 جولائی (اے پی پی):انسپکٹوریٹ آف مائنز مچھ کے زیر اہتمام مغل کول کمپنی کے تعاون سے ایک روزہ ہیلتھ اینڈ سیفٹی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد کان کنوں میں حفاظتی شعور اجاگر کرنا، پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ اور کان کنی کے دوران ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر مغل کول کمپنی کے تعاون سے قائم کیے گئے جدید ریسکیو سینٹر اور فرسٹ ایڈ روم کا بھی افتتاح کیا گیا۔ تربیتی پروگرام میں انسپکٹر آف مائنز مچھ قربان علی عمرانی اور الیکٹرک انسپکٹر آف مائنز مچھ عارف حسین نے تقریباً 200 کول ورکرز اور مائنز مزدوروں کو ہیلتھ اینڈ سیفٹی، کانوں میں محفوظ طریق کار، ہنگامی حالات سے نمٹنے، ابتدائی طبی امداد، ریسکیو اقدامات اور حفاظتی آلات کے درست استعمال سے متعلق جامع تربیت فراہم کی۔
ورکشاپ میں بولان کولریز، مچھ کولریز، بلوچستان کول کمپنی، سوراب جی اینڈ سنز، ایس اے لطیف اینڈ سنز اور مغل کول کمپنی کے ورکرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر انسپکٹر آف مائنز مچھ قربان علی عمرانی نے ریسکیو سینٹر اور فرسٹ ایڈ روم کا افتتاح روایتی انداز کے بجائے کول ورکرز کے ہاتھوں کروا کر محنت کش طبقے کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا اور یہ پیغام دیا کہ کان کن ہی اس صنعت کا حقیقی سرمایہ ہیں، جن کی جانوں کا تحفظ اور محفوظ ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مائنز میں حفاظتی معیارات پر سختی سے عمل درآمد، کارکنوں کی استعداد کار میں اضافے اور حادثات کی مؤثر روک تھام کے لیے اس نوعیت کی تربیتی سرگرمیوں کا سلسلہ آئندہ بھی باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا۔








