"وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان سیاحت کے ساتھ ساتھ معدنی وسائل سے مالا مال خطہ ہے، جہاں موجود قدرتی ذخائر معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع فراہم کرتے ہیں۔”
گلگت بلتستان کے معدنی وسائل سے مقامی عوام کو معاشی فائدہ پہنچائیں گے،وزیر اعلیٰ

مزید خبریں
گلگت۔ 06 جولائی (اے پی پی):نو منتخب وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان سیاحت کے ساتھ ساتھ مائننگ اور معدنی وسائل کے شعبے میں بھی بے پناہ صلاحیتوں کا حامل خطہ ہے جہاں قیمتی دھاتیں، نایاب معدنیات، سونا، چاندی، پلاٹینم گروپ میٹلز اور قیمتی جواہرات کے وسیع ذخائر موجود ہیں جو اس خطے کو دنیا کے امیر ترین معدنی علاقوں میں شامل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
گلگت میں اپنی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ بدقسمتی سے آج تک ان قدرتی وسائل کا حقیقی فائدہ گلگت بلتستان کے عوام تک نہیں پہنچ سکا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ان وسائل سے مؤثر منصوبہ بندی، شفاف پالیسی اور بہتر انتظام کے ذریعے مقامی آبادی کو براہِ راست معاشی فوائد پہنچائے جائیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی حکومت معدنی وسائل کی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور مقامی لوگوں کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائے گی تاکہ قدرتی وسائل کو خطے کی پائیدار ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جا سکے۔








