وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ پائیدار اقتصادی نمو کو یقینی بنانے کے لیے اصلاحات کے ایجنڈے پر مسلسل عمل درآمد جاری رکھنا ہوگا
پائیدار اقتصادی نمو کو یقینی بنانے کے لیے اصلاحات کے ایجنڈے پر مسلسل عمل درآمد جاری رکھنا ہوگا،وزیر خزانہ محمداورنگزیب کی پاکستان بزنس کونسل کے ارکان سے ملاقات میں گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ پائیدار اقتصادی نمو کو یقینی بنانے کے لیے اصلاحات کے ایجنڈے پر مسلسل عمل درآمد جاری رکھنا ہوگا،بجٹ میں ٹیکس اور مالیاتی شعبے سے متعلق متعدد اہم اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو دورہ کراچی کے دوران پاکستان بزنس کونسل کے ارکان سے ملاقات میں کہی،ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال، حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے اور اقتصادی ترجیحات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان بزنس کونسل کے کردارکو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ملک کی ممتاز کاروباری شخصیات اور صنعتکاروں کو ایک موثر پلیٹ فارم پر یکجا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،حکومت اور نجی شعبے کے درمیان اہم معاشی اور پالیسی امور پر تعمیری مکالمے کے فروغ میں کونسل کی مسلسل خدمات بھی قابل ستائش ہیں۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ عالمی معیشت نے توقعات سے زیادہ لچک اور استحکام کا مظاہرہ کیا ہے، وہ ممالک جو ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے عمل پر ثابت قدم رہے، معاشی استحکام برقرار رکھنے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول میں نسبتا زیادہ کامیاب رہے ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کو بھی معاشی استحکام کو مزید مضبوط بنانے، مسابقتی صلاحیت میں اضافہ کرنے اور پائیدار اقتصادی نمو کو یقینی بنانے کے لیے اپنے اصلاحات کے ایجنڈے پر مسلسل عمل درآمد جاری رکھنا ہوگا۔وفاقی بجٹ کی تیاری کے حوالے سے حکومت کے طریقہ کار پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ اجلاس حالیہ بجٹ کا جائزہ لینے کے لیے نہیں بلکہ دراصل آئندہ وفاقی بجٹ کے لیے مشاورتی عمل کا آغاز ہے، حکومت نے اس سال بجٹ سازی کا عمل معمول سے کافی پہلے شروع کر دیا تھا جس سے مالیاتی منصوبہ بندی کو زیادہ منظم، جامع اور مشاورتی انداز میں آگے بڑھانے میں مدد ملی۔وزیر خزانہ نے کہاکہ جاری مالی سال کے وفاقی بجٹ میں برآمدات کے فروغ، برآمدکنندگان کی مالی وسائل تک رسائی بہتر بنانے اور برآمدات پر مبنی پائیدار اقتصادی نمو کے حکومتی وژن کو تقویت دینے کے لیے ٹیکس اور مالیاتی شعبے سے متعلق متعدد اہم اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔وزیر خزانہ نے پالیسیوں میں تسلسل اور پیش بینی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے حکومت کے درمیانی مدت کی ٹیکس حکمت عملی پر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا اورکہا کہ ایک مستحکم، واضح اور قابل پیش بینی ٹیکس پالیسی کاروباری برادری کے اعتماد میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور طویل المدت معاشی منصوبہ بندی کے لیے ناگزیر ہے۔
ملاقات کے دوران پاکستان بزنس کونسل کے نمائندوں نے ملک کی کاروباری برادری کی نمائندہ تنظیم کے طور پر کونسل کے کردار پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے حکومت اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے برآمدکنندگان کے درمیان مسلسل رابطے اور موثر مشاورت کا عمل جاری رہنا چاہیے۔ وزیر خزانہ نے حکومت کی جانب سے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے، پالیسیوں میں تسلسل برقرار رکھنے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کے حوالہ سے بھرپور اقدامات کے عزم اعادہ کیا ۔








