کمشنر ہزارہ ڈویژن نے لوکل روٹس پر پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے کلر سکیم سسٹم کا افتتاح کردیا

کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ نے عوام کو جدید، منظم اور بروقت سفری سہولیات کی فراہمی کے ویژن کے تحت لوکل روٹس پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے لیے کلر سکیم سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ پیر کو افتتاحی تقریب کمشنر آفس ایبٹ آباد میں منعقد ہوئی

ایبٹ آباد۔ 06 جولائی (اے پی پی):کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ نے عوام کو جدید، منظم اور بروقت سفری سہولیات کی فراہمی کے ویژن کے تحت لوکل روٹس پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے لیے کلر سکیم سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ پیر کو افتتاحی تقریب کمشنر آفس ایبٹ آباد میں منعقد ہوئی۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، سیکرٹری آر ٹی اے، ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد محمد اشتیاق، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے نمائندگان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ابتدائی مرحلہ میں روزانہ محدود تعداد میں کلر سکیم اسٹیکرز جاری کیے جائیں گے جبکہ مستقبل میں اس سہولت کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ تمام پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو مرحلہ وار اس نظام کے تحت لایا جا سکے۔کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ کلر سکیم سسٹم کا بنیادی مقصد لوکل روٹس پر چلنے والی گاڑیوں کے نظام کو مؤثر، شفاف اور منظم بنانا ہے۔

اس سکیم کے تحت ہر روٹ پر چلنے والی سوزوکی گاڑی کو اس کے مخصوص روٹ کے مطابق الگ رنگ کا اسٹیکر جاری کیا جائے گا، جس کا مکمل ریکارڈ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے پاس محفوظ رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے یہ یقینی بنایا جائے گا کہ ہر گاڑی صرف اپنے منظور شدہ روٹ پر ہی آپریٹ کرے، جس سے غیر قانونی روٹ تبدیلی، بے ضابطگیوں اور عوامی شکایات کا مؤثر خاتمہ ممکن ہوگا۔کمشنر ہزارہ نے مزید واضح کیا کہ صرف وہی گاڑیاں موٹر وہیکل ٹوکن ٹیکس حاصل کرنے کی اہل ہوں گی جن کے پاس درست روٹ پرمٹ موجود ہوگا۔ بغیر روٹ پرمٹ یا خلافِ ضابطہ چلنے والی گاڑیوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس موقع پر کمشنر ہزارہ ڈویژن نے ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد محمد اشتیاق کو ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے، کلر سکیم سسٹم کی مؤثر نگرانی کی جائے اور بغیر روٹ پرمٹ یا غیر قانونی طور پر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو محفوظ، منظم اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔

 

مزید خبریں