ڈی جی سپورٹس پنجاب کی زیر صدارت سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کی زیر صدارت سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ کے انتظامات کے حوالے سےاجلاس منعقد ہوا

لاہور۔6جولائی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کی زیر صدارت سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ کے انتظامات کے حوالے سےاجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سابق کپتان قومی ویمن کرکٹ ٹیم ندا ڈار نے خصوصی شرکت کی، جبکہ ڈائریکٹر سپورٹس لاہور کالج ڈاکٹر سمیرا ستار، ڈائریکٹر سپورٹس کینئرڈ کالج ڈاکٹر عمارہ رباب، ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب یونیورسٹی شبیر سرور، ڈائریکٹر سپورٹس یونیورسٹی آف لاہور محمد عقیل رانا، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی شریک ہوئے۔ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ کا انعقاد پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے کیا جارہا ہے، جس میں نیشنل اور انٹرنیشنل کرکٹرز شرکت کریں گے، چیمپئن لیگ کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ شائقین کرکٹ کو اعلیٰ معیار کے مقابلے دیکھنے کوملیں گے۔

ڈائریکٹرجنرل محمدطارق قریشی نے مزید کہا ہے کہ سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ میں 12 مردوں اور 4 خواتین کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ خواتین کے مقابلے جولائی کے آخری ہفتے میں منعقد کیے جائیں گے۔پنجاب کی باصلاحیت ویمن کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ سابق کپتان قومی ویمن کرکٹ ٹیم ندا ڈار خواتین ٹیموں کے انتظامات کی نگرانی کر رہی ہیں۔سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ کو کامیاب اور یادگار ایونٹ بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ میں پنجاب کے تمام ڈویژن سے بھی کھلاڑی شریک ہوں گے جن کے ٹرائلز کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے۔