ڈیرہ اسماعیل خان ۔18جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان سردار علی امین خان گنڈہ پور نے کہا ہے کہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈیرہ کی کارکردگی لائق تحسین ہے، انصاف یونین ٹی ایم اے نے ہمیشہ ٹی ایم اے ملازمین کے حقوق کی جنگ لڑی ہے، ہمیں ترقیاتی منصوبوں کیلئے ٹی ایم اے کے فنڈز کی ضرورت نہیں ہے،ٹی ایم اے کے فنڈز کو صرف ٹی ایم اے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنرز کو ادائیگیوں پر ہی خرچ کیا جائے،7کروڑ روپے کی لاگت سے ٹی ایم اے ڈیرہ کی نئی بلڈنگ کی تعمیر کا کام عنقریب شروع کردیا جائے گا جس کیلئے ٹینڈرز بھی ہوچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انصاف یونین ٹی ایم اے ڈیرہ کی جانب سے ان کے اعزاز میں دی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انصاف یونین ٹی ایم اے ڈیرہ کے صدر محمد رفیق چشتی اور جملہ عہدیدران و ممبران موجود تھے۔ تقریب میں ساڑھے5کروڑ روپے کے ٹی ایم اے کے45پنشنرز میں پنشن واجبات کی ادائیگی کیلئے چیک تقسیم کئے گئے۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان سردار علی امین خان گنڈہ پور نے کہا کہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈیرہ نے ہمیشہ محرم الحرام، عیدین سمیت دیگر مذہبی و قومی تہواروں پر اپنا مثالی کردار ادا کیا ہے اور فرنٹ لائن کا کردار ادا کرکے محکمے کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایم کے ملازمین کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کی جائے تاکہ وہ مزید لگن سے بہتر انداز میں اپنی خدمات سرانجام دیں۔آخر میں ٹی ایم اے ملازمین کیلئے خیرات کا بھی اہتمام کیا گیا۔