انفارمیشن منسٹری میڈیا یونیورسٹی بنانے جارہی ہے، نوجوانوں کے لئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت 100ارب مختص ، سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز بنائے جارہے ہیں ،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

153

اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات ونشریات میڈیا یونیورسٹی بنانے جارہی ہے، اس میں میڈیا سے متعلق جدید علوم لارہے ہیں، میڈیا یونیورسٹی میں ایک سازگار ماحول فراہم کریں گے، نوجوانوں کے لئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت 100ارب کا فنڈ مختص کیا گیا ہے تاکہ ان کے لئے کاروباری آسانیاں پیدا ہوں، سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز بنائے جارہے ہیں جن میں نوجوانوں کے لئے بے شمار مواقع ہیں۔ وہ بدھ کو زیبسٹ یونیورسٹی کے نویں میڈیا فیسٹیول کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ اس یونیورسٹی میں ہماری نوجوان نسل کی خداداد صلاحیتوں کی آبیاری کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کمیونیکیشن کا شعبہ اب روایتی نہیں رہا بلکہ بے شمار راستے کھل چکے ہیں،18 کروڑ موبائل سمیں ملک بھر میں زیر استعمال ہیں،اس کے علاوہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم بھی ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ دنیا گلوبل ویلیج بن چکی ہے، ہماری 22 کروڑ آبادی میں سے 60 فیصد نوجوان ہیں، ہمارے نوجوان با صلاحیت ہیں جن میں جدت لانے کی صلاحیت ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ہمیں اپنے ڈراموں کو بحالی کی طرف لانا ہوگا، کہانی کے مواد کا معاشرے پر مثبت اثر ہونا چاہیے، ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کی ذہن سازی کرنا ہوگا،یہ ففتھ جنریشن وار فیئر کا دور ہے۔انہوں نے کہا کہ کنٹیکٹ آزادانہ منتقل ہوتا نظر آتا ہے، اس کی بنیادی سطح پر وضاحت بہت ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوویڈ 19 کا چیلنج آیا تو پوری دنیا کی معیشت مشکل کا شکار ہوئی، تعلیمی ادارے بندش کی طرف گئے،تاہم وزیراعظم عمران خان نے مکمل لاک ڈائون کی مخالفت کی اور زندگیوں اور روزگار کو ایک ساتھ چلایا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے دوران 70ہزار نئی کمپنیاں قائم ہوئیں اور 929ارب کا خالص منافع کمایا اس کے علاوہ ریئل سٹیٹ، آئی ٹی اور سیاحت کے شعبوں میں بھی ترقی ہوئی۔